اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ اس پالیسی کے تحت دنیا کے 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے اور ویزا جاری کرنے کا عمل بہت آسان کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے اور ویزا دینے کا عمل انتہائی سادہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویزا 90 دن کی مدت کے لیے ہوگا اور صرف 30 سوالات کے جوابات دینے پر فراہم کیا جائے گا۔ خلیجی ممالک کے شہریوں کو صرف پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان آنا ہوگا اور انہیں فوری ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے شاندار تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، اور اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں آزادی کے موقع پر پاکستان کا پہلا ڈرون شو ہوگا جس میں 500 ڈرونز حصہ لیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تقریب غیر سیاسی ہوگی اور صرف پاکستان کا پرچم دکھائی دے گا۔

ملک میں سیاحوں کی آمد کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سیاحوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں زبردست ترقی دیکھنے کو ملی ہے اور سیاحوں کے لیے معیاری اور سستی رہائش کی ترغیب دی جائے گی۔ ویزا 90 دن کے لیے ہوگا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ 126 ممالک کے شہری ایک سادہ فارم بھر کر آسانی سے ویزا حاصل کر سکیں گے۔ ویزا فارم میں صرف 30 سوالات ہوں گے، جن کے جوابات دینے پر فوراً ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ خلیجی ممالک کے شہری صرف پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان آئیں گے اور فوری ویزا حاصل کر سکیں گے۔ پاکستان دنیا کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے۔