The news is by your side.

ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے،نگراں وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت مدد علی سندھی ۔

0

اسلام آباد ( یو این آئی):نگراں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے ،وفاقی اور صوبائی حکومت کو مل کر تعلیم کے معیار کو بڑھانے اور اس کی رسائی تمام شہریوں تک بڑھانے کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر غور کرنا ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ جامعات کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں۔

 

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں پبلک سیکٹرز جامعات کے وائس چانسلرز کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ تعلیم حکومتی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس شعبے کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے، اگر چہ 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ صوبے کے پاس چلا گیا مگر اس کے باوجود وفاقی حکومت صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنا نے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

 

انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت ملک کے تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کے لیے پرعزم ہے، تمام صوبوں کیلئے ایک ایسی تعلیمی پالیسی بنائی جائے جو تعلیم کے مستقبل کیلئے مشعل راہ ہو۔نگران وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ جامعات کے مسائل سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا اس حوالے سے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ اسکول و کالجز میں مطلوبہ سہولیات دستیاب ہوں تو مسائل حل ہو جائیں گے ، جامعات کے وائس چانسلرز معیار تعلیم،نظم و ضبط اور مالی وسائل کا بہتر استعمال کریں تاکہ کسی حد تک مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ میٹنگز کی ہیں اور مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ہے،

 

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ نگران حکومت تعلیم کے شعبے میں اچھی بنیاد ڈال کر جائے گی،وائس چانسلرز کے ساتھ حالیہ نشست کے اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے گا، جلد تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے متعلقہ اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ صدر مملکت اور نگران وزیراعظم کو پیش کروں گا۔

 

اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے جامعات کا بڑا اہم کردار ہے ،ایچ ای سی سرکاری اور نجی جامعات کے لئے یکساں مواقع پیدا کر کے پاکستان میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنا رہی ہے ۔اس موقع پر مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز بارے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.