اسلام آباد (خبر نگار) حکومت نے سولر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کی تیاری کرتے ہوئے گراس میٹرنگ پالیسی لانے کا عندیہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرکے اس کی جگہ گراس میٹرنگ پالیسی لانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے باعث نیٹ میٹرنگ کا فائدہ اٹھانے والے صارفین کو بھی مہنگی بجلی فراہم کی جائے گی، حکومت نے بجلی کی قیمتوں کے بحران پر قابو پانے کیلئے اپنی حکمت عملی کے حوالے سے آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ حکومت نیٹ میٹرنگ کی پالیسی ختم کرنے جارہی ہے، اور اس کی جگہ گراس میٹرنگ کی پالیسی متعارف کرائی جائے گی، گراس میٹرنگ کے تحت 2 میٹر لگائے جائیں گے، سولر پینل سے پیداشدہ بجلی نیشنل گرڈ کو بھیجی جائے گی اور پھر واپس فراہم کی جائے گی، ان کا حساب 2 میٹرز کے ذریعے رکھا جائے گا، نئی پالیسی کے تحت سولر پینل کے حامل صارفین کو قومی گرڈ سے بجلی اسی ریٹ پر مہیا کی جائے گی، جس ریٹ پر دیگر صارفین کو فراہم کی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق گراس میٹرنگ پالیسی کے تحت سولر پینل والے صارفین کو پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں رجسٹرڈ نہیں کیا جائے گا، ان کو بجلی کے نرخ نان پروٹیکٹڈ صارفین کی طرح ہی چارج کیے جائیں گے، اس طرح سولر پینلز کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے صارفین کے مالی فوائد میں کمی آئے گی۔ یاد رہے ایک سال میں سولر لگانے والے صارفین کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، ملک میں سولر استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ہوگئی ہے، ماہانہ نیٹ میٹرنگ یونٹس کا شئیر ساڑھے 5 کروڑ یونٹس تک پہنچ چکا ہے، ملک بھر میں سولر سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔