The news is by your side.

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان سے خواتین کی مخصوص نشستیں الاٹ کر دیں

عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کےنوٹیفکیشن کی ڈیڈلائن گزر چکی مگر قومی اسمبلی مکمل نہیں ہو سکی

0

اسلام آباد(یو این آئی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی پنجاب ، سندھ اور بلوچستان سے خواتین کی مخصوص نشستیں الاٹ کر دیں ۔جس کے مطابق مسلم لیگ ن کو مجموعی طور پر 23، پیپلزپارٹی کو 14، ایم کیوایم پاکستان کو 5، جے یو آئی کو 2، آئی پی پی اور ق لیگ کو ایک ایک نشست ملی ہے۔

عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کےنوٹیفکیشن کی ڈیڈلائن گزر چکی مگر قومی اسمبلی مکمل نہیں ہو سکی ۔ مخصوص نشستیں سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔سندھ اور بلوچستان سے خواتین کی نشستوں پر منتخب ارکان کے نوٹیفکیشن کر دیئے گئے ۔ اقلیتوں اور پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کے نتائج ادھورے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے خواتین اور اقلیتی ایم این ایز کا ایک بھی نوٹیفکیشن نہیں ہوا ۔

دس اقلیتی نشستوں میں سے سات پر منتخب ایم این ایز کا بھی اعلان کر دیا گیا۔خیبرپختو نخوا سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن تاحال نہیں کیا گیا پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی بارہ نشستوں کا فیصلہ بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔

پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 32 مخصوص نشستوں میں سے 20 کا اعلان کیا جا سکا ۔ مسلم لیگ ن کو 17، پیپلزپارٹی، آئی پی پی اور ق لیگ کو ایک ایک نشست ملی ۔ ن لیگ کی طاہرہ اورنگ زیب ، شائستہ پرویز ، مریم اورنگ زیب ، نزہت صادق ، مسرت آصف خواجہ ، سیما محی الدین اور شیزہ فاطمہ خواجہ نومنتخب ایم این ایز میں شامل ہیں ۔

رومینہ خورشید عالم ، وجیہہ قمر ، زیب جعفر ، کرن عمران ، انوشہ رحمان ، زہرہ ودود فاطمی ، آسیہ ناز تنولی ، صبا صادق ، فرح ناز اکبر اور شہناز سلیم ملک بھی رکن قومی اسمبلی بن گئیں ۔ پیپلزپارٹی کی حنا ربانی کھر ، آئی پی پی کی منزہ حسن اور مسلم لیگ ق کی فرخ خان بھی منتخب قرار پائیں ۔ پنجاب سےخواتین کی 12 نشستوں کا نوٹیفکیشن نہیں کیا گیا ۔

قومی اسمبلی میں سندھ سے خواتین کی 14 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی کو دس اور متحدہ کو 4 نشتیں مل گئیں۔ پیپلزپارٹی کی شازیہ مری، نفیسہ شاہ ، شگفتہ جمانی ، شاہدہ رحمانی، شہلا رضا ، مہتاب اکبر راشدی ، مسرت ، مہرین رزاق بھٹو ، شازیہ ثوبیہ اور ناز بلوچ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری ۔

ایم کیو ایم کی آسیہ اسحاق ، سبین غوری ، نگہت شکیل اور رعنا انصر منتخب قرار پائی ہیں۔ بلوچستان سے خواتین کی چار مخصوص نشستوں میں سے مسلم لیگ ن کو دو ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کو ایک ایک نشستیں ملی ۔ اقلیتوں کی دس میں سے سات نشستوں پر  ن لیگ کے چار ، پیپلزپارٹی کے دو اور ایم کیو ایم کا ایک امیدوار منتخب ہوا ہے ۔ الیکشن کمیشن سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پیر کو کرے گا ۔

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کامعاملہ الیکشن کمیشن میں زیرالتوا ہے ،خیبرپختوانخوا اسمبلی کی 26 نشستیں،21خواتین کی مخصوص نشستوں کافیصلہ ہونا باقی ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.