برطانوی ہوم آفس کے وفد کی وزارت داخلہ میں سیکریٹری داخلہ سے ملاقات
وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی موجود تھیں ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،
اسلام آباد (یو این آئی )برطانوی ہوم آفس کے وفد نے سائمن ریڈلے کی سربراہی میں گذشتہ روز یہاں وزارت داخلہ میں سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کی،
وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی موجود تھیں ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،
ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا ،ملاقات میں دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کو مزید آگے بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا ،

اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے معاہدوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، بیان کے مطابق ملاقات میں برطانیہ میں جعلی یونیورسٹیوں اور اسٹوڈنٹ ویزا پر غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی،
سائمن ریڈلے نے سیکرٹری داخلہ کو بتایا کہ پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کے نظام کو مکمل طور پر آن لائن/ ڈیجیٹیلائز کیا جا رہا ہے، جس سے سے ویزا کے حصول میں آسانی پیدا ہو گی،
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری داخلہ کی جانب سے برطانوی وفد کو بتا یا گیا کہ افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے اور حال ہی میں مدت سے زائد قیام کی صورت میں فیس کو 800 ڈالر سے کم کر کے 400 ڈالر کر دیا گیا ہے،
