بلی جین کنگ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز بحرین کو 3۔0 سے شکست
پاکستان کی ٹاپ کھلاڑیوں اشنہ سہیل اور ماہین آفتاب قریشی نے سنگلز میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ
پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیراہتمام پاکستان ٹینس کمپلیکس میں جاری بلی جین کنگ کپ (BJKC) ایشیا/اوشیانا گروپ III (B) 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بحرین کو 3-0 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دیا۔
پاکستان کی ٹاپ کھلاڑیوں اشنہ سہیل اور ماہین آفتاب قریشی نے سنگلز میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،
اشنہ سہیل نے بحرین کی ہاجر زیدان کو 6-0،6-0 اور ماہین آفتاب قریشی نے غرام الخیاط کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔
بعد ازاں ڈبلز مقابلے میں اشنہ سہیل اور ماہین آفتاب قریشی کی جوڑی نے ایمان الزیمور اور ہاجر زیدان کو 6-1، 6-0 سے ہرا کر پاکستان کی 3-0 سے فتح یقینی بنائی۔
اس چیمپئن شپ میں کل آٹھ ممالک کی خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز کے دیگر مقابلوں میں مالدیپ نے بھوٹان کو 3-0 سے ایران نے کویت کو 3-0 سے جبکہ اردن نے قطر کے خلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی
ڈبلز میں قطر کی ہندہ المدحکہ و خدیجہ گسامہ نے آنا ابو الحاج و نور الصایغ کو 6-3، 6-4 سے شکست دی)۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر جناب اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف کی تمام انتظامیہ نے ٹیم کے شاندار مظاہرے اور ہوم گراؤنڈ پر اس تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم پورے ٹورنامنٹ کے دوران اپنی یہ بہترین کارکردگی برقرار رکھے گی۔