فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ۔
دورے کے دوران ملکی دفاع مین ادارے کے کردار کا جائزہ لیا ، دفاعی پیداواری صلاحیت اور خودانحصاری کے امور پر آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی صنعتی تنصیب پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی استعداد اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں ادارے کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پی او ایف کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا اور مقامی سطح پر تیار اور ڈیزائن کیے گئے اسلحے اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشیں بھی دیکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی او ایف ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف نوعیت کے فوجی سازوسامان کی مقامی سطح پر تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ادارے کی جانب سے جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداواری صلاحیت میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دفاعی پیداوار میں مقامی صلاحیت بڑھانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس سلسلے میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور ٹیکنالوجی میں جدت کے فروغ کے لیے عسکری قیادت کے عزم کا عکاس ہے۔
