سیکیورٹی فورسز آپریشن،بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید 23 دہشت گرد ہلاک،
آپریشنز دتہ خیل، سپن وام اور بنوں سمیت مختلف حساس علاقوں میں کیے گئے۔، 48 گھنٹوں پر مشتمل آپریشنز میں انتہائی مطلوب خارجی رنگ لیڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی مارا گیا،
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بڑی کامیابی، گزشتہ 48 گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مزید 23 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد خطرات کے خاتمے اور خوارج نیٹ ورکس کو توڑنے کیلئے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ آپریشنز دتہ خیل، سپن وام اور بنوں سمیت مختلف حساس علاقوں میں کیے گئے۔
ہلاک شدگان میں انتہائی مطلوب خارجی جان میر بھی شامل،
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گرد مارے گئے، جن میں انتہائی مطلوب خارجی رنگ لیڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور حکومت کو دہشت گرد جان میر عرف طور ثاقب کی متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے باعث مطلوب تھا جبکہ اس کے سر کی قیمت بھی مقرر تھی۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی شہادت میں بھی ملوث رہے۔کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم برآمد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال خفیہ سرنگوں اور بنکروں کے پیچیدہ نیٹ ورک کا بھی سراغ لگا کر انہیں تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں اور “عزمِ استحکام” وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔