بھارت کے خلاف میچ، پاکستان کا موقف اٹل، آج رات مذاکرات کا ایک اور دورمتوقع.
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے، اور ڈنر کے بعد رات گئے آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور متوقع ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ 15 فروری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میچ نہ کھیلنے کے سخت مؤقف کے بعد آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو منانے میں لگ گیا ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ کی اہم ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات کا باقاعدہ اعلامیہ بھی تاحال کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری نہیں ہوا ہے، جو آج متوقع ہے۔
ذرائع کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ معاملہ حکومت کے کورٹ میں ڈال دیا ہے، اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے، اور ڈنر کے بعد رات گئے آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور متوقع ہے۔
پی سی بی اور آئی سی سی کی اس ملاقات میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شامل تھے، ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کو ریونیو اور ایونٹس دلوانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ملاقات کے بعد امین الاسلام واپس وطن روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے عمران خواجہ سے کہا کہ اب بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ حکومت کی ہدایت کے مطابق ہی ہو سکتا ہے، جب کہ بنگلادیش کو ایونٹ سے باہر کیے جانے کے باعث ہونے والے نقصان کی تلافی ضروری ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر اصولی مؤقف اپنایا اور اسی بنیاد پر بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کیا گیا۔