ایران کے معاملے پر تمام آپشنز بدستور کھلے ہیں۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ
اسرائیلی وزیر اعظم نیتین یاہو کا امریکی ٓصدر کو ایران پر حملہ نہ کرنے کا مشورہ،
واشنگٹن: ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر تمام آپشنز بدستور کھلے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایران میں قتل عام جاری رہا تو سنگین نتائج ہوں گے، ایران میں 800 سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے، صدر ٹرمپ ایران کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کی گرین لینڈ میں فوجی تعیناتی صدر ٹرمپ کے فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوگی، گرین لینڈ اور ڈنمارک پر مذاکرات جاری رہیں گے۔
کیرولین لیوٹ کا مزید کہنا تھا کہ ڈنمارک اور گرین لینڈ سے متعلق اجلاس مثبت رہا، صدر ٹرمپ گرین لینڈ کے معاملے پر تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی اخبار کے مطابق نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ سے سے ایران پر کسی بھی ممکنہ فوجی حملے کو مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں ایران پر فوجی کارروائی کے فوری خطرات سے آگاہ کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران جوابی کارروائی کے طور پر اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس سے خطے میں شدید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔
اسی دن امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ایران نے مظاہرین کو قتل کرنا بند کر دیا ہے، جس کے بعد ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کی ضرورت پر سوال اٹھا۔