اویس لغاری،نیٹلی بیکر ملاقات،پائیدار توانائی کے مقاصد کے حصول میں تعاون پر گفتگو
ملاقات میں دونوں کے درمیان بجلی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال ہوا،امریکی سرمایہ کاروں کو نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کی دعوت۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری سے پاکستان میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر نےملاقات کی،دونوں کے درمیان بجلی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں بنیادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کے پائیدار توانائی کے مقاصد کے حصول میں امریکی تعاون پر توجہ مرکوز رہی۔
پیر کو وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے پاکستان کے اصلاحی ایجنڈے میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے خصوصاً سفیر سے درخواست کی کہ وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سمیت امریکہ سے وابستہ کثیرالجہتی اداروں کے ساتھ مل کر بجلی کے شعبے کی پائیدار ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تعاون سے بنیادی اصلاحات نافذ کرنے اور شعبے کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم مدد ملے گی۔حال ہی میں شروع کئے گئے ’’سربلس پاور پیکیج‘‘ پر بھی بات ہوئی جو صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی فراہم کر کے معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔
قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے بجلی کی وزارت کی اصلاحات پر خوشی کا اظہار کیا اور ڈیٹا پر مبنی اقدامات کے ذریعے سرکلر قرضے کے انتظام میں ہونے والی پیشرفت کو سراہا۔انہوں نے توانائی کے شعبے میں شفافیت اور پائیداری کے لئے حکومت کے عزم کی تعریف کی۔بات چیت میں امریکی سرمایہ کاروں کے لئے بجلی کی ترسیل کے نظام اور ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں موجود مواقع پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے امریکی سرمایہ کاروں کو نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کی دعوت دی اور کہا کہ پرائیویٹ شعبے کی شرکت کارکردگی اور خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے۔