پاکستان اور روس کے خبر رساں اداروں کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ۔
ایم او یو ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی ) روسی خبر رسان ادارے سپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان طے پایا،
روسی خبر رساں ادارے ”روسیا سیگودنیا” کے ڈائریکٹر برائے بین الاقوامی تعاون ویسیلی پشکوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
وفد کے ہمراہ روسی سفارت خانے کے پریس اتاشی ایگور کولیسنیکوف بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر دونوں اداروں نے منعقدہ دستخطی تقریب میں اے پی پی اور سپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے،
اس معاہدے سے میڈیا کے میدان میں تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔ پشکوف نے اے پی پی کے امور میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا سیکٹر بشمول نجی میڈیا میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک زیادہ فائدہ مند شراکتیں قائم کر سکیں۔ انہوں نے ریڈیو، موسیقی، ثقافت، فن، ادب اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کی ممکنات پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نہایت مہمان نواز ملک ہے اور یہاں آ کر خوشی ہوئی۔ ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے وفد کو متعلقہ شعبوں میں اے پی پی کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور میڈیا سیکٹر میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں وزارت اطلاعات کے حکام اور نجی میڈیا کے نمائندے بھی شریک تھے۔ یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جس میں فریقین نے میڈیا سمیت دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔