The news is by your side.

پاکستان سرحد پار دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا۔ خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے ترجمان کے حالیہ مبہم اور گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا،کہا قومی مفاد کے خلاف کسی قسم کی سازش قبول نہیں۔

0

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے ترجمان کے حالیہ مبہم اور گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اس معاملے پر مکمل طور پر ہم آہنگ ہے اور قومی مفاد کے خلاف کسی قسم کی سازش قبول نہیں کی جائے گی۔

خواجہ آصف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں کہا کہ افغان ترجمان کے بیانات "گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی” ہیں اور انہوں نے ان دعوؤں کا دوٹوک جواب دیا۔ وزیرِ دفاع نے لکھا کہ پاکستان کی سکیورٹی پالیسیز اور افغانستان کے حوالے سے حکمتِ عملی پر قومی اتفاقِ رائے موجود ہے اور اس میں کوئی ابہام نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام افغان طالبان کی سرپرستی میں جاری بھارتی پراکسیوں کی دہشت گردی سے خوب واقف ہیں” اور اس سلسلے میں کسی بھی غلط فہمی یا ابهام کی گنجائش نہیں۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ افغان طالبان کی غیر نمائندہ حکومت اندرونی طور پر شدید دھڑوں میں تقسیم ہے اور اس کی گورننس اور امن و امان سے متعلق کارکردگی ناکافی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کی جانب سے خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جانے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ چار برس گزرنے کے باوجود طالبان نے عالمی برادری سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔

"وزیرِ دفاع نے یہ بھی نشاندہی کی کہ افغان طالبان بیرونی عناصر کی پراکسی کے طور پر کردار ادا کر رہے ہیں، اور اس کے خلاف پاکستان "اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور خوارج کی گمراہ سوچ کو ناکام بنانے” کے لیے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا۔

 

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.