دشمن ملک کے ہر کونے تک لڑائی لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آئی ایس پی آر
بھارتی وزیر دفاع اور فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات جنگ کے بہانے تلاش کرنے کی کوشش ہیں،پاکستان کا ردعمل
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بھارتی سیکیورٹی قیادت کی جانب سے دیے گئے حالیہ اشتعال انگیز اور جنگی بیانات پر شدید تشویش کا اظہار ،
اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے بہت تشویش سے نوٹ کیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع اور فوجی قیادت کے بیانات قابل مذمت ہیں،
یہ بیانات نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ بھارتی وزیردفاع اور فوجی قیادت کی طرف سے آنے والے بیانات ایک نئی جنگی مہم جوئی کا پیش خیمہ معلوم ہوتے ہیں، جن کی آڑ میں بھارت خطے میں ایک بار پھر عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔
بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کو بار بار نشانہ بنا کر خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوششیں اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔
اب عالمی برادری بھارت کو ہی علاقائی دہشت گردی کا چہرہ اور عدم استحکام کا مرکزتسلیم کر رہی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق رواں سال کے آغاز میں بھارتی جارحیت نے دو ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا، لیکن بھارت نے اپنے تباہ شدہ جنگی طیاروں اور پاکستان کی طویل فاصلے تک مار کرنے والی صلاحیتوں کو شاید فراموش کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی نئی مہم جوئی کی کوشش کی گئی تو پاکستان اس کا بھرپور، فوری، فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دے گا۔
پاکستانی عوام اور مسلح افواج دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان دشمن کے ہر کونے تک لڑائی لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔