The news is by your side.

اسٹیٹ بینک کا 19 نومبر کو قومی سطح پر ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے منانے کا اعلان۔

اس حوالے سے ملک بھر میں اسٹیٹ بینک کے 16 فیلڈ دفاتر میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی

0

کراچی:  اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) 19 نومبر  کو ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے (WED) قومی سطح پر منائے گا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں اسٹیٹ بینک کے 16 فیلڈ دفاتر میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی جبکہ مرکزی تقریب اسٹیٹ بینک ہیڈ آفس کراچی میں ہوگی۔

گزشتہ سال ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے کے موقع پر مقامی و بین الاقوامی اداروں، بینکوں، سول سوسائٹی اور کامیاب خواتین کاروباری شخصیات نے شرکت کی تھی، جس میں خواتین کی معیشت میں شمولیت بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملک بھر میں پچاس سے زائد سیشنز کے ذریعے 1,500 سے زائد خواتین کاروباری شخصیات سے براہِ راست رابطہ کیا گیا جبکہ بینکوں نے تقریباً 24 ارب روپے کے قرضے 20 ہزار سے زائد خواتین کی زیرِ قیادت کاروباروں کو فراہم کیے۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین اور بینکوں کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔

اسی تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے، ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے 2025 میں بھی مالیاتی اداروں کے سینیئر حکام، خواتین چیمبرز اور انٹرپرینیور نیٹ ورکس کو مدعو کیا جائے گا تاکہ معیشت میں خواتین کے بڑھتے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس سال کے پروگرام میں ملک گیر ورکشاپس، مالی معاونت اسکیموں سے متعلق آگاہی مہم اور رہنمائی پروگرام شامل ہوں گے، تاکہ خواتین کی مالی شمولیت اور کاروباری صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے۔

مرکزی تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بینکوں اور خواتین کاروباری اداروں کو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جائیں گے، جن میں انوویٹو لیڈرشپ، سوشل امپیکٹ، سسٹین ایبلٹی چیمپئن اور ریزیلینس شامل ہیں۔ اسی موقع پر بزنس آئیڈیا مقابلہ 2025 کے فاتحین کا اعلان بھی کیا جائے گا، جنہوں نے اپنی جدت پسند تجاویز پیش کی ہوں گی۔

ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے ایک عالمی اقدام ہے جس کا مقصد ان خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو جدت لاتی ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں اور معیشت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت دار اس دن کے ذریعے ایک زیادہ جامع مالیاتی نظام کی تشکیل اور خواتین کو کاروبار کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کے عزم کا تجدید کرتے ہیں۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.