The news is by your side.

برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ کی وفد کے ہمراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقات۔

سردار عطاء اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر بی این پی کے جلسے میں ہونے والے بم دھماکے پر تعزیت کی

0

اسلام آباد:برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ اپنے وفد کے ہمراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے پہنچیں۔

ملاقات میں بلوچستان کے سینئر سیاستدان سردار عطاء اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر بی این پی کے جلسے میں ہونے والے بم دھماکے پر تعزیت کی گئی۔

ملاقات میں ملک کے مجموعی سیاسی حالات، خطے کی صورتحال اور افغانستان کے مسئلے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ’’جس طرح دنیا افغانستان کو برباد کرنے کے لیے متحد ہوئی تھی، اسی طرح اب افغانستان کی تعمیر نو کے لیے بھی متحد کردار ادا کرنا چاہئے۔

‘‘انہوں نے مغربی جمہوری ریاستوں اور بالخصوص برطانیہ سے سوال اٹھایا کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے نتائج سب کو معلوم ہیں، پھر بھی ناجائز مینڈیٹ پر خاموشی کیوں اختیار کی جا رہی ہے؟

اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے اس پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں امریکی کمپنیوں کے ساتھ معدنیات کے حوالے سے کیے گئے معاہدوں پر عوامی حمایت حاصل نہیں کی گئی۔

ان کے مطابق ان وسائل پر پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے اور اگر انہیں آئینی تحفظ نہ دیا گیا تو سیاسی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے وسائل اور وطن کے دفاع کے لیے جدوجہد کرتے ہیں ان پر دہشتگردی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں جو ناانصافی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ بھی روابط اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔۔۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.