لاہور:کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ حالت میں ملنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کو لاہور میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔ جہان وہ سات سال سے ایک فلیٹ میں اکیلی رہ رہی تھیں،
یہ فلیٹ انھوں نے 2018ء میں کرائے پر لیا تھا ، وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش 8 سے 10 ماہ پرانی تھی، ان کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی تھی، اداکارہ کے بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی معائنے کے لیے بھیجے گئے تھے جبکہ نچلے حصے کا گوشت مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا، رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ لاش ڈی کمپوز کے بالکل آخری اسٹیج پر تھی، لاش میں کیڑے بھی پڑ چکے تھے۔
گزشتہ روز حمیرا صغر کے بھائی نوید اصغر اور دیگر رشتے دار کراچی میں سماجی ادارے کے سرد خانے سے ان کی میت وصول کر کے گزشتہ روز ہی لاہور لے گئے تھے۔