اسلام آباد ۔پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے جدید “فتح سیریز” میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ فوجی مشق “اندس” کے دوران کیا گیا، جس میں 120 کلومیٹر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کو آزمایا گیا۔

اس مشق کا بنیادی مقصد افواج کی جنگی تیاریوں کو جانچنا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت اس کی تکنیکی خوبیوں اور ہدف پر درستگی کی سطح کا معائنہ کرنا تھا۔

یہ تربیتی تجربہ نہ صرف پاک فوج کے اعلیٰ افسران نے ملاحظہ کیا بلکہ اسٹریٹجک اداروں سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی اس میں شرکت کی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے تجربے میں شامل تمام افسران، سائنسدانوں اور ماہرین کو اس کامیاب آزمائش پر مبارکباد پیش کی۔

پاکستان آرمی کی عملی تیاری اور تکنیکی صلاحیتیں ہر لحاظ سے قابلِ اعتماد ہیں اور یہ مادرِ وطن کی جغرافیائی سالمیت پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔