اسلام آباد ۔پاکستانی سیاسی اور سرکاری شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھارت میں بلاک کیے جانے کا سلسلہ تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے، اور اب اس فہرست میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا نام بھی شامل ہو چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کا آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھارت میں بند کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اطلاعات نے بین الاقوامی میڈیا پر بھارت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ عطا اللہ تارڑ نے خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا اور کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کی بھارتی ریاستی کوششوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
بھارت کی جانب سے یہ ردعمل اس بات کا مظہر ہے کہ وہ تنقید اور سچائی کا سامنا کرنے سے گریزاں ہے، خاص طور پر جب معاملہ مقبوضہ کشمیر جیسے حساس اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع کا ہو۔ عطا اللہ تارڑ کے مؤقف کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ عالمی حلقوں میں بھی توجہ حاصل ہوئی، جو ممکنہ طور پر بھارتی حکومت کی خفگی کا باعث بنا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت نے اس نوعیت کی کارروائی کی ہو۔ اس سے قبل بھی کئی پاکستانی صحافیوں، وزراء اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کے اکاؤنٹس بھارت میں محدود یا بند کیے جا چکے ہیں، جس پر پاکستان کی جانب سے بارہا اظہارِ تشویش کیا گیا ہے۔