راولپنڈی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 30 اپریل اور یکم مئی کو کی گئی تین انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 5 خوارج ہلاک اور 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پہلی کارروائی باجوڑ ضلع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج مارے گئے، جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد، فرید اللہ، بھی شامل تھا۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں عمل میں لائی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور خفیہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
تیسری کارروائی مہمند ضلع میں کی گئی، جس میں فورسز نے ایک اہم خارجی مرکز پر کامیاب چھاپہ مارا۔ اس دوران دو دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کی شناخت لال امیر عرف ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک ہائی پروفائل دہشت گرد مانا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ان کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ مارے گئے اور گرفتار خوارج متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز بھی کر دیا ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، اور مادرِ وطن کے امن و سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔