بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ اور سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے جان لیوا بیماری کینسر کو کامیابی سے شکست دے دی ہے۔
اداکارہ کی بیٹی سوہا علی خان نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ شرمیلا ٹیگور کو 2022 میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم اس بات کو اُس وقت خفیہ رکھا گیا۔
سوہا نے بتایا کہ یہ مرحلہ ان کے خاندان کے لیے نہایت آزمائشی ثابت ہوا۔ “ہم نے ذاتی طور پر بھی کئی مشکلات اور جذباتی دباؤ کا سامنا کیا، جیسا کہ ہر خاندان کبھی نہ کبھی کرتا ہے۔”
سوہا کے مطابق ان کی والدہ خوش نصیب رہیں کہ مرض ابتدائی مرحلے یعنی اسٹیج زیرو پر پکڑا گیا، جس کے باعث کیموتھراپی یا طویل علاج کی ضرورت پیش نہ آئی۔ صرف متاثرہ حصہ سرجری سے ہٹایا گیا اور اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہیں۔
شرمیلا ٹیگور کی صحت سے متعلق چہ مگوئیاں اس وقت گردش کرنے لگیں جب وہ 2023 میں شو کافی وِد کرن میں بطور مہمان شریک ہوئیں۔ شو کے میزبان کرن جوہر نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی میں شبانہ اعظمی کا کردار سب سے پہلے شرمیلا ٹیگور کو پیش کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے طبی وجوہات کی بنا پر معذرت کر لی تھی۔
اس پر شرمیلا نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اُس وقت کووِڈ وبا اپنے عروج پر تھی، اور حفاظتی ویکسین بھی مکمل دستیاب نہ تھی، اس لیے ڈاکٹروں نے سرجری کے بعد انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
شرمیلا ٹیگور کی واپسی فلمی دنیا میں ایک خوش آئند خبر بنی، اور وہ حال ہی میں بنگالی فلم پرتوان میں ریتوپرنا سینگپتا کے ساتھ جلوہ گر ہو رہی ہیں، جو آج ریلیز ہو رہی ہے۔