پاکستان کی مشہور خواجہ سرا اور رقاصہ مہک ملک کے خلاف شادی کی ایک تقریب میں نازیبا رقص کرنے کے الزام میں مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مہک ملک سمیت 35 افراد پر ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے، تاہم تاحال کسی فرد کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مہک ملک کو ضلع بہاولپور کی تحصیل منڈی یزمان کے ایک گاؤں میں مہندی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر نامناسب لباس زیب تن کیا اور فحش گانوں پر پرفارمنس دی۔ دیگر حاضرین پر الزام ہے کہ وہ رقص کے دوران ان پر پیسے نچھاور کر رہے تھے۔
درج مقدمے میں 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 25 نامعلوم افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، تقریب میں بعض سرکاری ملازمین کی شرکت بھی نوٹ کی گئی، جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، تاہم انہیں مقدمے میں شامل نہیں کیا گیا۔