لاہور۔پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی اور اس سے قبل سہ ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد نے کرکٹ کے شائقین میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اس تاریخی موقع پر بے حد خوش ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد اور سہ ملکی ٹورنامنٹ کے آغاز پر اظہار تشکر کرتے ہوئے دہائیوں بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کرکٹ کے مداحوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور قومی ٹیم اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کرکٹ کے میدان آباد ہونا پاکستان کے عزم کی جیت ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ کر جو خوشی محسوس ہو رہی ہے، وہ بیان سے باہر ہے۔ اللہ کے فضل سے کرکٹ کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور میلے پنجاب کی ثقافتی پہچان ہیں اور ان کی بحالی خوش آئند ہے۔ کھیل نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔