لاہور۔پنجاب اسمبلی نے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل اکثریتی ووٹوں سے منظور کرلیا، جس کے تحت ایک رکن اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ 4 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے بل پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، پنجاب اسمبلی میں تنخواہوں میں اضافے کے لیے پیش کردہ بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اس منظوری کے بعد یکم جنوری سے اراکین اسمبلی کی تنخواہ 76 ہزار روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے کردی جائے گی۔
بل کی منظوری کے بعد اسمبلی کے اراکین خوشی سے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے نظر آئے۔
منظور شدہ بل کے تحت دیگر عہدوں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے:
- صوبائی وزراء: 1 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار روپے۔
- اسپیکر پنجاب اسمبلی: 1 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 50 ہزار روپے۔
- ڈپٹی اسپیکر: 1 لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار روپے۔
- پارلیمانی سیکرٹریز: 83 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار روپے۔
- اسپیشل اسسٹنٹ اور ایڈوائزرز: 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار روپے۔
بل پر اعتراض کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے سوال کیا کہ آیا یہ اقدام پارلیمانی قوانین ایکٹ 1972ء کے مطابق ہے؟
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بل موجودہ قوانین کے مطابق ہے اور حکومت کا یہ اقدام درست اور مثبت ہے۔