اسلام آباد:وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر مفتی ضیف الرحمٰن نے کہا ہے کہ دینی مدارس کی آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ریاست سے تصادم نہیں چاہتے، لیکن غیر آئینی رجسٹریشن کو قبول نہیں کریں گے۔
اردو نیوز انٹرنیشنل( یو این آئی ) کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر مفتی ضیف الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا موقف بہت واضح اور وہ یہی ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن 1860ء کے سوسائٹی ایکٹ کے تحت ہونی چاہیے، جس میں 2005 میں ترمیم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی قوانین کا احترام کرتے ہیں لیکن محض ایک انتظامی حکم کے تحت رجسٹریشن کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کےموقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے خلاف ہونے والی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ وفاق المدارس العربیہ مدارس کی آزادی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گا۔
مفتی ضیف الرحمٰن نے کہا کہ وفاق المدارس عربیہ کا مؤقف ہے کہ تمام معاملات کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے۔ ہم ریاست کے ساتھ کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے لیکن مدارس کی آزادی اور خود مختاری کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان اپنی جدوجہد جاری رکھے گا تاکہ مدارس کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے