The news is by your side.

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستانی معیشت میں نمایاں بہتری کا اعتراف

0

اسلام آباد ۔ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستانی معیشت میں نمایاں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے رواں مالی سال میں 3 فیصد معاشی ترقی کی پیشگوئی کی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی "ایشیا ڈیولپمنٹ آؤٹ لک” رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت میں بہتری کی توقع کی گئی ہے۔ ستمبر میں تخمینہ 3.6 فیصد کے ہدف کے مقابلے 2.8 فیصد لگایا گیا تھا، لیکن اب یہ پیشگوئی بڑھا کر 3 فیصد کر دی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) سے نئے قرض پروگرام کی منظوری کے بعد پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے۔ مہنگائی میں توقعات سے زیادہ تیزی سے کمی دیکھی گئی، نومبر میں مہنگائی ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح 4.9 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح 15 فیصد کے بجائے 10 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

اہم نکات:

  • درآمدی پابندیاں ختم ہونے سے صنعتی شعبے کی کارکردگی بہتر ہونے کی امید ہے۔
  • پالیسی ریٹ میں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے۔
  • سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر تک آسان رسائی کی توقع ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث زرعی پیداوار کمزور رہ سکتی ہے۔ خاص طور پر گندم اور کپاس جیسی بڑی فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں دیگر ممالک کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے، جس میں سری لنکا کی معاشی ترقی میں بہتری کی توقع کی گئی، جبکہ بھارت، بنگلہ دیش، اور مالدیپ کی شرح نمو میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں امریکی پالیسیوں میں تبدیلی کے اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا جو ایشیا کے خطے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.