لاہور۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دباؤ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور ہائبرڈ ماڈل پر حتمی فیصلہ بدھ (11 دسمبر) کو متوقع ہے۔ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل پر منعقد ہونے کا امکان ہے، اور اسی ماڈل کو 2027 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے بھی اپنایا جا سکتا ہے۔
پی سی بی نے اس معاملے پر موقف اپنایا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بنا کر ٹیم نہ بھیجنے کا عذر غیر منطقی ہے۔ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پی سی بی نے آئندہ کسی آئی سی سی ایونٹ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کی دھمکی دی ہے۔
غیر رسمی میٹنگ میں طے شدہ فارمولے کے مطابق، ہائبرڈ ماڈل آئی سی سی کے دیگر ایونٹس جیسے چیمپئنز ٹرافی، ویمنز ورلڈ کپ، اور 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ پر بھی لاگو ہوگا۔
پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاک بھارت معاملات کو آئی سی سی کے ایونٹس کی میزبانی کے معاہدے (ہوسٹ ایگریمنٹ) میں شامل کیا جائے۔ تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی اگلے سال فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے، لیکن بھارتی ٹیم کے انکار کی وجہ سے اس کا حتمی شیڈول ابھی تک طے نہیں ہوسکا ہے۔