لاہور۔شہید میجر شبیر شریف (نشانِ حیدر) کا 53 واں یومِ شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جی او سی لاہور میجر جنرل راو¿ عمران سرتاج، شہید میجر شبیر شریف کے یونٹ کے غازیوں اور ان کی ہمشیرہ نے قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔پاک فوج کے چاق و چوپند دستے نے شہید میجر شبیر شریف کی قبر پر سلامی بھی پیش کی۔
نشانِ حیدر ،حاصل کرنے والے پاک فوج کے میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943ءکو کنجاہ ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 19اپریل 1964ءکو فوج میں کمیشن حاصل کیا۔
شہید میجر شبیر شریف، کو بطور کیڈٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے اعزازی شمشیر اور 1965ئ کی پاک بھارت جنگ میں ستارہ جرات سے نوازا گیا، اس وقت ان کی عمر محض 22 سال تھی۔
ا±نہوں نے بھارت کے خلاف 1971ءکی جنگ میں دشمن کو ایک نہیں کئی مواقع پر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔
میجر شبیر شریف نے 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی رات گھمسان کی جنگ میں بھارت کی 4 جاٹ رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر میجر نرائن کو للکارا پھر دست بدست لڑ ائی میں ا±سے ہلاک کیا اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔
انہوں نے 6 دسمبر کی دوپہر دشمن کا ایک اور حملہ پسپا کیا اور اسی دوران دشمن کے ٹینک کا گولہ انہیں لگا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے۔
شہید میجر شبیر شریف، کو ان کی بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ میجر شبیر شریف سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی اور میجر عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کے بھانجے تھے۔
میجر شبیر شریف پاک فوج کے واحد آفیسر ہیں جنہیں 2 اعزازات ستارہ جرآت اور نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔