لاہور۔جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں سلور میڈل جیتنے والی قومی جونیئر ہاکی ٹیم آج مسقط سے لاہور واپس پہنچے گی۔ ٹیم کو جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مسقط میں کھیلے گئے جونیئر ایشیا کپ میں فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کی وطن واپسی سے پہلے، ٹیم کے ہیڈ کوچ قمر ابراہیم نے کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنے کی ہدایت دی۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ "آپ نے کم وقت میں، صرف تین سے چار دن کے کیمپ کے بعد اچھی کارکردگی دکھائی، فائنل میں ہمیں جیتنا چاہیے تھا، لیکن ہم نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اب ہمارا ٹارگٹ اسی ورلڈ کپ پر فوکس کرنا ہے اور جہاں بھی خامیاں ہیں، ان پر کام کرنا ہے تاکہ ہم قوم کو مزید خوشیاں دے سکیں۔”
قمر ابراہیم نے کہا کہ "انڈین ٹیم گزشتہ پانچ ماہ سے یورپ میں ٹریننگ ٹور کر رہی تھی اور مختلف میچز کھیل رہی تھی، جبکہ ہمارے پاس وسائل کی کمی تھی۔ مگر ان لڑکوں میں بے شمار ٹیلنٹ ہے۔ ٹائٹل جیتنے کے لیے ہمیں ان کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز فراہم کرنے ہوں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "سات لڑکے بالکل نئے تھے اور پہلی بار ٹیم کے ساتھ ٹور کر رہے تھے۔ پاکستان حکومت کو چاہیے کہ وہ قومی کھیل کو زیادہ فنڈز فراہم کرے تاکہ ہاکی فیڈریشن زیادہ بہتر پلاننگ کے ساتھ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹس کے لیے تیار کر سکے۔