لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اکمل خان نے ایڈووکیٹ خرم لطیف کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں حراساں کیا گیا، جو کہ توہین عدالت کے مترادف ہے۔
درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب پولیس، سی سی پی او لاہور اور دیگر افراد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 22 نومبر کو درخواست گزار کو غیر قانونی طور پر حراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا، لیکن اسی دن سیشن کورٹ کے باہر پولیس نے تھانہ اسلام پورہ کے ذریعے درخواست گزار کو غیر قانونی طور پر اغوا کیا اور یکے بعد دیگرے تین مقدمات میں گرفتار کیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ان تینوں مقدمات میں درخواست گزار کو بری کر دیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ فریقین جان بوجھ کر لاہور ہائیکورٹ کے 22 نومبر کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔