لاہور۔پاکستان کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ منظر صہبائی نے انہیں اچانک شادی کی پیشکش کی جس پر وہ حیران رہ گئیں۔
ثمینہ احمد نے اپنی اداکاری اور شادی شدہ زندگی پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ منظر صہبائی کی شخصیت ان کے لیے بہت دل چسپ ثابت ہوئی۔ دونوں نے ایک ڈرامے میں میاں بیوی کا کردار ادا کیا تھا، اور شوٹنگ کے بعد ان کے درمیان بات چیت کا آغاز ہوا جو آہستہ آہستہ دوستی میں بدل گئی۔
ثمینہ نے بتایا کہ ایک دن منظر صہبائی نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے شادی کی پیشکش کی، جس پر وہ چپ ہو گئیں اور پوچھا کہ کیا ہمیں واقعی شادی کرنی چاہیے؟ منظر صہبائی نے بھرپور اعتماد سے جواب دیا کہ وہ یہ محسوس کرتے ہیں، جس پر ثمینہ نے نکاح کے لیے رضامندی ظاہر کی۔
اداکارہ نے کہا کہ شادی کے بعد ان کی تنہائی ختم ہوگئی اور اب گھر واپس آ کر انہیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ کوئی ان کا منتظر ہے۔
ثمینہ احمد نے مزید بتایا کہ ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہیں اور جب انہوں نے اپنے بچوں کو شادی کرنے کی خواہش کا بتایا تو وہ اس پر حیرت زدہ ہو گئے اور مذاق میں کہا، “اماں کو کیا ہوگیا؟”
اداکارہ نے حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’بے بی باجی کی بہوئیں‘ کی مقبولیت پر حیرانی کا اظہار کیا اور بتایا کہ بیرون ملک سے واپس آ کر جب ائیرپورٹ پر مداحوں سے “بے بی باجی” کے نعرے سنے تو وہ بے حد خوش ہو گئیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے اپریل 2020 میں لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا، جو کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران تھا۔
ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی پر اداکاری کا آغاز کیا اور اپنے کیریئر میں کئی مشہور ڈراموں میں کام کیا، جن میں “اکڑ بکڑ”، “الف نون”، “فیملی فرنٹ”، اور “آنگن” شامل ہیں۔ منظر صہبائی نے بھی اپنی فنی زندگی میں “ماہ میر”، “بول” اور “زندہ بھاگ” جیسی معروف فلموں میں اداکاری کی ہے۔