The news is by your side.

سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور خیبر میں کارروائی، 8خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 2جوان شہید

0

راولپنڈی ۔خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 29 نومبر سے یکم دسمبر تک کی جانے والی دو علیحدہ کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک کیپٹن سمیت دو فوجی جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی انٹیلیجنس بنیاد پر کارروائی بنوں کے علاقے بکا خیل میں کی گئی، جہاں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کے دوران پانچ خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے، تاہم اس دوران ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے اپنی جان قربان کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شاگئی میں کی گئی، جہاں تین خوارج ہلاک اور دو کو گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

یہ خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

کیپٹن محمد زوہیب شہید کا تعلق لاہور سے تھا اور انہوں نے تین سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں وطن کی حفاظت کے فرائض سرانجام دیے۔ کیپٹن محمد زوہیب شہید اپنے والدین کو سوگوار چھوڑ گئے۔

سپاہی افتخار حسین شہید کا تعلق ضلع جھنگ سے تھا۔ 29 سالہ سپاہی نے 8 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کی خدمات انجام دیں اور اپنے پیچھے اہلیہ، بیٹا اور بیٹی کو سوگوار چھوڑا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.