اپنے پیغام میں مناہل نے کہا، “میں نے بہت سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ لیا ہے۔ آپ لوگوں کی سپورٹ اور محبت کے لیے شکر گزار ہوں، لیکن یہ دنیا کسی بھی حال میں جینے نہیں دیتی، اور یہ بہت ظالم ہے۔” انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ اب اپنا چہرہ نہیں دکھائیں گی۔
مناہل نے اپنے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے رویوں سے تنگ آ چکی ہیں اور “اندر سے مر چکی ہیں”۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں مزید لکھا کہ “یہ زندگی بہت مختصر ہے، اپنوں کے ساتھ رہیں اور غلطی کرنے والوں کو معاف کر دیں۔”
مناہل ملک نے اپنی اسٹوری میں کہا کہ یہ ان کے مداحوں سے آخری بار مخاطب ہونے کا موقع ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ کبھی اس طرح بات نہیں کرتی، لیکن اب وہ تھک چکی ہیں اور ان کے لیے جینا مشکل ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق، لوگوں کے رویوں نے انہیں اندر سے توڑ دیا ہے اور وہ خود کو بے بس محسوس کر رہی ہیں۔
مناہل نے ناقدین کو تجویز دی کہ وہ نفرت پھیلانا بند کریں اور اپنے اپنوں کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں، کیونکہ زندگی بہت مختصر ہے اور اس کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ کب ختم ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مناہل ملک کی مبینہ نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جس پر انہوں نے فوری طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا اور ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیوز جعلی ہیں اور انہیں مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بنایا گیا ہے۔
تاہم، مناہل کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا صارفین اور بعض شوبز شخصیات نے یہ دعویٰ کیا کہ ٹک ٹاکر نے اپنی شہرت کے لیے اپنی ویڈیوز خود وائرل کیں۔