اسلام آباد ۔مشرق وسطیٰ کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر کے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا کی پیپر ورکنگ مکمل ہو چکی ہے، اور قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ 15 اکتوبر کی رات کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے لگی ہیں۔ عرب لائٹ خام تیل کی قیمت 79.27 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں 16 اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 95 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 26 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

اوگرا 14 اکتوبر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کرکے آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گا۔ اس کے علاوہ، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔