ملتان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، جہاں انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنائے ہیں۔ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 96 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ ابتدائی 17 رنز کے بعد زیک کرولی 78 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ بعد میں جو روٹ اور بین ڈکٹ نے مل کر 136 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی، تاہم ڈکٹ 84 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
میچ کے اختتام پر جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کو پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کے لیے 64 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کو پاکستان کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 460 رنز کی ضرورت تھی۔ انگلینڈ کے اولی پوپ صفر پر نسیم شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، جبکہ زیک کرولی 64 اور جو روٹ 32 رنز بناکر موجود تھے۔
ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے 556 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں آغا سلمان 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آج گرنے والی پہلی وکٹ نسیم شاہ کی تھی، جو 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بعد میں محمد رضوان صفر، عامر جمال 7، شاہین شاہ آفریدی 26، ابرار حمد 3، اور سعود شکیل 82 رنز بنا کر شعیب بشیر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس اٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شعیب بشیر اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے روز پاکستان نے 86 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پانچویں سنچری بنائی۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 4 سال بعد اپنی 11 ویں سنچری اسکور کی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 30 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔