The news is by your side.

مولانا فضل الرحمن سے ملنا خواہش تھی جو آج پوری ہوگئی ،ڈاکٹر ذاکر نائیک

0

اسلام آباد۔ معروف مذہبی دانشور ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں دونوں نے ایک دوسرے کو تحائف بھی پیش کیے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ساتھ ان کے بیٹے طارق نائیک بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ مذہبی دانشور کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کو خوشبو کا تحفہ پیش کیا اور جے یو آئی کے سربراہ کی اقتداء میں نماز مغرب بھی ادا کی۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمیں خوشی دی ہے، اللہ تعالیٰ آپ کی پاکستان آمد کو آپ کے مشن میں مزید کامیابی کا ذریعہ بنائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس انداز سے ڈاکٹر صاحب سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع کی مثال ہے، کئی لوگ ان کی دعوت کے ذریعے ایمان کی روشنی سے منور ہوئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عالم اسلام کے خوبصورت پہلوؤں کو دنیا کے سامنے لانا اور امت مسلمہ کا اتحاد ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔ ڈاکٹر صاحب یہاں مہمان نہیں، بلکہ میزبان ہیں؛ یہ ان کا اپنا گھر ہے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملنا میری خواہش تھی، جو آج پوری ہوئی۔ کل کچھ دوست ملنے آئے تھے لیکن میں نے کہا کہ سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ طب ہے، لیکن جب میں نے قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو سمجھا کہ سب سے اعلیٰ پیشہ دعوت کا ہے۔ میں مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں اور ان کی رہائش گاہ میں خود کو گھر جیسا محسوس کر رہا ہوں۔

اس موقع پر مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، مولانا امجد خان، اسلم غوری، مولانا عبدالواسع، مولانا راشد سومرو، مولانا مصباح الدین، نور عالم خان، مولانا محمود شاہ، مفتی اویس عزیز، مفتی اسجد محمود اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.