The news is by your side.

قوم نے ایک گروہ کی نااہلی کے باعث مشکلات کا سامنا کیا،وزیر اعظم

0

اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے گزشتہ چند برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کے باعث مشکلات کا سامنا کیا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اگست 2024 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر پہنچ گئی، جس کے بعد ستمبر میں یہ 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد تک گر گئی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی ہے، اور مہنگائی کی شرح میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی بھی عوام کے لیے خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، اور مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کا ہدف 2024 میں ہی حاصل کرنا قابل ستائش ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے، اور پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کیا، لیکن اب ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، سفارتی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، اور عام آدمی کی خوش حالی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے آغاز سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، اور پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہاں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.