انگلش ٹیسٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان اولی پوپ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ وہ 147 سالہ طویل فارمیٹ کی تاریخ میں سات مختلف ممالک کے خلاف اپنی ابتدائی سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یہ اعزاز انھیں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں حاصل ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، انگلش قائم مقام کپتان اولی پوپ ابتدائی دونوں میچز میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے تنقید کا شکار رہے۔ تاہم، انھوں نے سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں شاندار کھیل پیش کر کے تاریخ رقم کی۔ اولی پوپ نے اپنے کیریئر کے 49 ویں ٹیسٹ میں سات مختلف ممالک کے خلاف ابتدائی سنچریاں بنا کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
پوپ نے اوول ٹیسٹ کے ابتدائی دن ناقابل شکست 103 رنز بنائے، جس سے نہ صرف اپنی ٹیم کا اسکور بہتر کیا بلکہ تاریخ کے صفحات پر بھی اپنا نام درج کرایا۔ یہ ان کی بطور انگلش کپتان پہلی سنچری ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کی ساتویں ٹیسٹ اور 12 ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔
اولی پوپ کی تاریخ ساز سنچریوں کا آغاز جنوری 2020 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوا، جہاں انھوں نے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 135 رنز بنائے۔ یہ واحد سنچری ہے جو انھوں نے نمبر 3 پوزیشن سے باہر کسی دیگر پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے بنائی۔