میونخ۔ جرمنی میں 1972 میں 11 اسرائیلی ایتھلیٹس کے قتل عام کی 52ویں برسی کے موقع پر صیہونی ریاست کے قونصل خانے پر ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر دی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع اسرائیلی قونصل خانے کے قریب مسلح شخص نے قونصل خانے میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کے بعد بے قابو ہو کر فائرنگ کر دی۔ قونصل خانے کے قریب پٹرولنگ پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کا سامنا کیا اور جوابی فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو گرفتاری دینے کے لیے کہا گیا تھا، لیکن اس نے مسلسل فائرنگ جاری رکھی، جس پر اہلکاروں نے خود کو بچانے کے لیے جوابی فائرنگ کی۔ حملہ آور کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق، حملہ آور کی شناخت 18 سالہ آسٹرین شہری کے طور پر ہوئی ہے۔ اس حملے میں کسی دوسرے شخص یا تنظیم کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں، اور حملے کے محرک کا بھی ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کے بارے میں مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ جرمنی میں اسرائیلی سفیر رون پروسر نے کہا کہ یہ حملہ اسی دن ہوا جس دن 1972 میں میونخ میں اسرائیلی ایتھلیٹس کا فلسطینی حملہ آوروں کے ہاتھوں قتل عام ہوا تھا۔