اسلام آباد : سول جج شائستہ خان کنڈی نے شراب کے مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس کی سربراہی سول جج شائستہ خان کنڈی نے کی۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ہدایت کی گئی کہ وہ کل علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔

دوسری جانب، انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت بغیر کارروائی کے 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے دہشت گردی کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں علی امین گنڈاپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ علی امین گنڈاپور کی طرف سے راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور وزیر اعلیٰ کا طبی سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے بتایا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو ٹانگ میں تکلیف ہے، ڈاکٹر نے ایک ہفتے کا آرام تجویز کیا ہے، اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا دورے پر تھے۔ اچانک پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے ٹانگ میں درد ہے۔ عدالت سے درخواست ہے کہ سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے سماعت 21 ستمبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔