کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ انجلین ملک کی گاڑی کے حادثے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہے۔ ویڈیو میں اداکارہ کو اپنی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ کئی افراد ان کی گاڑی کو گھیرے ہوئے ہیں اور انہیں گاڑی سے باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں۔ ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ اداکارہ کی گاڑی کے اردگرد رکشے اور دیگر گاڑیاں بھی موجود ہیں، جن میں سے کچھ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے نظر آتے ہیں۔

ویڈیو میں ایک شخص ہجوم میں سے آگے بڑھ کر اداکارہ انجلین ملک سے ان کا موبائل فون چھین لیتا ہے، جس پر اداکارہ کہتی ہیں کہ وہ کہیں نہیں جا رہی، بلکہ یہاں ہی موجود ہیں، لہذا ان کا موبائل واپس کیا جائے۔ سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا ہے کہ انجلین ملک کی گاڑی کا حادثہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں ہوا، جہاں اداکارہ نے رکشے اور دیگر گاڑیوں کو ٹکر ماری۔ تاہم، حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور انجلین ملک نے ابھی تک اس حادثے اور وائرل ویڈیو کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔