The news is by your side.

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد میں عالمی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم بنانے کیلئےپلان مانگ لیا

0

اسلام آباد۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وفاقی دارالحکومت میں عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کر دی ہیں اور اس ضمن میں سی ڈی اے سے تفصیلی منصوبہ طلب کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ و پی سی بی کے چیئرمین نے سی ڈی اے کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد ایک قابل عمل منصوبہ پیش کرے۔

چیئرمین پی سی بی نے تجویز دی ہے کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کرکٹ بورڈ اور سی ڈی اے کی مشترکہ کوششوں سے کی جائے۔ مجوزہ منصوبہ آئندہ سال چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے منصوبے میں شامل نہیں ہے۔

کرکٹ بورڈ طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت اسٹیڈیم بنانا چاہتا ہے۔ کرکٹ کھیلنے والے بڑے ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جس کے دارالحکومت میں بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کے لیے اسٹیڈیم نہیں ہے۔

اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے ابتدائی منصوبے پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔ سی ڈی اے جلد زمین کی نشاندہی اور دیگر تفصیلات مکمل کر کے حتمی منصوبہ وزیر داخلہ کو پیش کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ماضی میں بھی اسلام آباد میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی متعدد کوششیں کر چکا ہے۔

اسلام آباد میں عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ کئی بار زیر غور آیا ہے۔ وفاقی حکومت اور پی سی بی کے تحت متعدد اجلاس ہو چکے ہیں، لیکن یہ منصوبہ اب تک کاغذی مراحل سے آگے نہیں بڑھ سکا۔

اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا پہلا منصوبہ 2011 میں اس وقت کے چیئرمین سی ڈی اے ٹاسک فورس فیصل سخی بٹ نے بنایا تھا۔ ابتدائی طور پر شکرپڑیاں کے مقام پر زمین کی نشاندہی کی گئی تھی، مگر بعد میں منصوبہ بند کر دیا گیا۔ اب یہ زمین پاکستان آرمی کے زیر انتظام ہے۔

چیئرمین پی سی بی نجم سیھٹی اور ذکا اشرف نے بھی اسٹیڈیم کی تعمیر کی کوششیں کیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے 2022 میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے پیش نظر اسٹیڈیم بنانے کا ٹاسک دیا تھا۔

اس حوالے سے سی ڈی اے کو زمین الاٹ کرنے کی ذمہ داری بھی دی گئی تھی، لیکن اس وقت بھی منصوبے پر کوئی واضح پیش رفت نہیں ہو سکی۔

حالیہ تجویز اس لیے زیادہ عملی معلوم ہوتی ہے کیونکہ دونوں اداروں کی سربراہی ایک ہی فرد، محسن نقوی، کے پاس ہے۔ سی ڈی اے وزارت داخلہ کے ماتحت ہے، اور محسن نقوی کرکٹ بورڈ کی بھی سربراہی کر رہے ہیں۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.