اسلام آباد(نیوز رپورٹر) پاکستانی ٹیم سی پیک اور نیو کلیئر پاور پلانٹس کے پروجیکٹس سے متعلق لیے گئے قرضوں کی میعاد بڑھانے اور ان قرضوں پر سود کی شرح کم کرانے کے لیے بیجنگ گئی ہے۔
تاہم چین کی تین بڑی پاور کمپنیوں نے بجلی خریداری معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
تین چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے کہا کہ انرجی پر لیے گئے قرضے کو ری اسٹرکچر کرنے کا فیصلہ چینی بینکوں اور پاکستانی حکام کے درمیان ہونا چاہیے لیکن انھوں نے اپنے منافع اور کیپیسٹی پیمنٹ کی ان شرائط وضوابط میں کسی تبدیلی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے
پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب چینی حکام سے ملاقات کے لیے روانہ ہو گئے تاکہ اس قرض کی دوبارہ واپسی کی مدت میں توسیع کرا سکیں۔
یہ وہ قرض تھا جو حکومت پاکستان اور چینی کمپنیوں نے پاور پلانٹ نصب کرنے کے لیے چینی مالیاتی اداروں سے لیا تھا۔
پاکستان نے نیو کلیئر پاور پلانٹس لگانے کے لیے اور چینی کمپنیوں نے سی پیک کے تحت پاور پلانٹس لگانے کے لیے قرض لیا تھا۔
پاکستان نے پیشکش تیار کی ہے کہ انرجی کے شعبہ کے قرض کی واپسی کی مدت میں 8 سال کی توسیع کی جائے اور اس کی ادائیگی کو امریکی ڈالر سے چینی ین میں تبدیل کر دیا جائے اور ساتھ ہی اس قرض پر شرح سود کو بھی کم کیا جائے۔
اگر چینی حکام نے پاکستانی تجویز کو مان لیا تو اس سے پاکستان میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 6 سے 7 روپے کمی آسکتی ہے۔ صرف چینی پاور پلانٹس کی بجلی کی قیمت میں 3 سے 4 روپے یونٹ کمی آسکتی ہے۔
اس سال پاکستان کو انرجی کے شعبے کے قرض کی واپسی کے لیے 2 ارب ڈالر سے زیادہ ادائیگی کرنا ہے۔ اس مشکل وقت میں پاکستان اس ادائیگی کو بھی مو¿خر کرانا چاہتا ہے۔
پاکستان میں صنعتکاروں اور گھر یلو صارفین کی جانب سے حکومت پر بیکار کیپسٹی کی ادائیگی سے بچنے کے لیے پاور پر چیز ایگری منٹس پر نظر ثانی کرنے کا دباو¿ بڑھ رہا ہے۔