The news is by your side.

اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں غزہ میں فلسطینی عوام کا قتل عام رکوانے کیلئے عالمی برادری پر زور دیں۔ وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ

0

اسلام آباد ( یو این آئی ):نگرا ن وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ متحد ہو کر اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں غزہ میں بے گناہ شہریوں پر تشدد اور وحشیانہ قتل کو رکوانے کیلئے عالمی برادری پر زور دیں ۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

اماراتی سفیر نے ابوظہبی میں آئندہ کاپ۔28 اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم کو باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات میں سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے اور متحدہ عرب امارات کو امید ہے کہ پاکستان کاپ۔28 کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کو اس اہم عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کی میزبانی پر مبارکباد دی اور اس میں پاکستان کی فعال شرکت کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر دوطرفہ تعاون پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور وسیع تر روابط پر اطمینان کا اظہار کیا اور توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔غزہ کی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں غزہ میں بے گناہ شہریوں پر تشدد اور وحشیانہ قتل کو رکوانے کیلئے عالمی برادری پر زور دیں ۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.