نیویارک(سپورٹس نیوز) فاسٹ بولر حارث رؤف امریکا میں اپنے پرستاروں سے الجھ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف امریکا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود ہیں جہاں ان کا اپنے ایک پرستار سے جھگڑا ہوگیا، اہلیہ نے انہیں روکنے کی کوشش کی جب کہ موقع پر موجود دیگر پرستاروں نے بیچ بچاؤ کرایا۔اطلاعات ہیں کہ فین نے حارث رؤف سے سیلفی کی درخواست کی تھی اور تنقید بھی کی تھی جس پر حارث رؤف غصے میں آئے۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حارث کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے واقعہ کو سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا مگر اب ویڈیو سامنے آچکی ہے، مجھے لگتا ہے کہ اس صورت حال سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔حارث روف نے کہا کہ بطور پبلک فگر ہم عوام سے ہر قسم کے تاثرات حاصل کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، فینز ہماری حمایت یا تنقید کرنے کے حق دار ہیں مگر جب بات میری فیملی پر آجائے تو میں بھرپور جواب دوں گا سب کو چاہیے کے فیملیز کا احترام کریں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ امریکا میں پیش آنے والے واقعے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ردعمل سامنے آگیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ جو خوفناک واقعہ پیش آیا اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے واقعات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں جنہیں برداشت نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں ملوث شخص فوری طور پر حارث روف سے معافی مانگے بصورت دیگر اسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔