The news is by your side.

پی ایف یو جے اور این پی سی کے وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات،ایرانی صدر رئیسی و دیگر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار،

غم کی گھڑی میں پاکستان کی تمام صحافی برادری اور عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ،

0

اسلام آباد (یو این آئی رپورٹ) ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور نیشنل پریس کلب کے وفد کی ایرانی سفارت خانے میں ملاقات،

ایرانی سفارت خانے میں ملاقات کی اور ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان و دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر گہرے رنج اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ترجمان نیشنل پریس کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر این پی سی اظہر جتوئی، سیکریٹری این پی سی نیّر علی، جوائنٹ سیکریٹری طلعت فاروق، گورننگ باڈی ممبرز اظہار خان نیازی، خالد گردیزی، جعفر علی بلتی اوررضوان عباسی شامل تھے۔

صدر پی ایف یوجے افضل بٹ نے ایرانی سفیرسے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں پاکستان کی تمام صحافی برادری اور عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ صدر رئیسی مسلم امہ کے ایک دلیر ، جرات مند اور زیرک رہنما کی حیثیت سے ابھرے، خاص طور پر انہوں نے فلسطین اور بیت المقدس کے بارے میں جس طرح آوازاٹھائی وہ ان کی بصیرت اور دور اندریشی کی غماز ہے ۔

صدر این پی سی اظہر جتوئی نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں،

سیکریٹری نیشنل پریس کلب نیّر علی نے نیشنل پریس کلب کے تمام ممبران اور صحافتی برادری کی طرف سے شہید صدر ابراہیم رئیسی سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے فیملی کے ہمراہ دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا،

وفد کے دیگر ارکان نےکہا کہ ابراہیم رئیسی کی پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ایرانی سفیر رضا امیر مقدم نے صحافی رہنماؤں کے وفد کا تعزیت کے لئے سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا اورصدر ابراہیم رئیسی اور رفقا کی شہادت کو پورے عالم اسلام اور خطے کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ صدر رئیسی نے اپنے تین سالہ دور میں ایران کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات کے فروغ کے لئے واضح پالیسی بنائی، مسلم امہ اور اسلام کے دفاع، اقوام متحدہ میں اسلام کی عظمت کے لئے آواز بلند کی اور نمایاں کامیابیاں بھی سمیٹیں۔

ایرانی سفیر نے وفد کو بتایا کہ غزہ میں فلسطینئوں کی نسل کشی کے لئے جو بربریت دیکھنے میں آئی تاریخ میں ایسی نظیر نہیں ملتی۔پاکستان کی حکومت، میڈیا اور عوام نے اس حادثے کے بعد ایران کی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی اور بھائی چارے کا حق اد اکیا ہے۔

وزیراعظم ، چیئرمین سینٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، میڈیا کے نمائندے اور عوام اس غم کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ ایران میں بھی اور پاکستان میں بھی تعزیتی پروگرام جاری ہیں ۔

پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، جو آپس میں دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔ غزہ سمیت علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کا نقطہ نظر یکساں ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان یو این سیکیورٹی کونسل کا غیر مستقل ممبر بن گیا ہے۔ایران پاکستانی میڈیا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے، غزہ کے حوالے سے ایران نے اپنا کردار نبھایا، لیکن مسلم امہ کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

وفد کے ارکان نے صدر سید ابراہیم رئیسی اور رفقا کی شہادت پر مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی پیغامات بھی درج کئے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.