آئندہ نسلوں کیلئے ایک صحت مند، محفوظ، اور پائیدار مستقبل کیلئے ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے، صدر آصف زرداری
5 جون کو عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام،
اسلام آباد(خبر نگار)؎ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک صحت مند، محفوظ، اور پائیدار مستقبل کیلئے ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے اور یہ کام ہمیں ایک قوم بن کر کرنا ہو گا ،
یہ بات انھوں نے 5 جون کو عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہی،
صدر آصف زرداری نے کہا کہ زمین کی پیداواری صلاحیت میں کمی، بنجر پن اور خشک سالی جیسے مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے عالمی یوم ِ ماحولیات منا رہے ہیں،
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا شمار ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے،
گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان کو سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی اور جنگلات میں آتشزدگی جیسے متنوع واقعات کا سامنا کرنا پڑا،
آج کے عالمی یوم ِماحولیات کا موضوع زمین کی بحالی، بنجر پن کی روک تھام اور خشک سالی سے بچاؤ ہے،
انھوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد آئندہ نسلوں کی خاطر ماحولیاتی تحفظ کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کو اجاگر کرنا ہے،
آج ہم بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ سے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہے،
انھوں نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام جیسے اقدامات کی بدولت جنگلات اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،
نیشنل اڈاپٹیشن پلان اور کلائیمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر جیسے اقدامات پائیدار زرعی طریقوں کے فروغ اور زمین کی پیداواری صلاحیت اور معیار میں کمی روکنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں،
پاکستان انحطاط کے شکار جنگلات اور زرعی زمینوں کی بحالی کے ذریعے بنجر پن ، پیداواری صلاحیت میں کمی اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے،
صدر مملکت مملکت کا کہنا تھا کہ دیہی اور شہری رہائشی علاقوں میں جنگلات کے فروغ کیلئے کمیونٹی کی جانب سے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی ،
پاکستان میں پائیدار زمینی انتظام اور آبی تحفظ کے طریقے فروغ دینے کی ضرورت ہے،
بنجر پن، زمین کی پیداواری صلاحیت اور معیار میں کمی اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی محکموں اور مقامی کمیونٹیز کا متحرک ہونا انتہائی اہم ہے،
ہمیں اپنے آبی وسائل کے مؤثر انتظام ، چراگاہوں کی بحالی اور مٹی کی پانی برقرار رکھنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے،
انھوں اپنے بیان میں اس یقین کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے پر ہماری توجہ ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کیلئے اہم ثابت ہوگی،
آئیے ماحولیاتی تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کریں، آئندہ نسلوں کیلئے ایک صحت مند، محفوظ، اور پائیدار مستقبل کیلئے ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کریں،