اسلام آباد(نیوز رپورٹر)سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید کا نیشنل پریس کلب کا دورہ، صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی سمیت ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی اراکین کو مبارکباد پیش کی ، اس موقع پر انتھونی نوید کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کوانکے جائز حقوق دیکر پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لایا جا سکتا ہے۔
سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار کسی عام ورکرز اور اقلیتی رکن کو آئینی عہدہ دیا گیا ہے جس کا کریڈٹ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کو جاتا ہے،یہ اقلیتوں کیلئے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقات کو معاشرے میں بہت مقام دلوانے کیلئے اقدامات اٹھائے، پاکستان میں سروسز رولز کا مسئلہ ہے، پورے ملک میں لیبر کا یکساں ٹائیٹل ہے تو یہ اقلیتوں کیلئے کیوں نہیں ہے، پورے ملک میں یکساں لیبرپالیسی ہونا چاہیئے، کمزور طبقات کو انکے حقوق دلوانے میں میڈیا نے نہایت ایم کردار ادا کیا ہے،ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نے این پی سی کی قیادت کو سندھ اسمبلی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نیشنل پریس کلب آمد پر صدر این پی سی اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیئر علی سمیت ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی ممبران نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، سیکرٹری نیئر علی نے پریس کلب کی قیادت کی طرف سے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور اقلیتوں کیلئے انکی گرانقدر خدمات کو سراہا، انتھونی نوید کا مزید کہنا تھا کہ آئین تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے، یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرے کے کمزور طبقات کو انکے جائز حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں، پاکستان میں ہر ادارے اور ڈیپارٹمنٹ کے سروس رولز میں مسائل ہیں، پاکستان میں یکساں لیبر پالیسی ہونا چاہیئے،سندھ اسمبلی کی تاریخ ہے کہ اس نے سب سے پہلے ان تمام مسائل کے حوالے سے قانون سازی کی ہے جن پر دوسروں نے کبھی توجہ نہیں دی، ہم نے کبھی کوئی ایسی بات نہیں کی جسکی ہمیں آئین نے اجازت نہ دی ہو،آؤٹ سورس کو سوشل نیٹ میں لانے کیلئے قانون سازی کی کوشش کر رہے ہیں،ملک میں طبقاتی نظام میںمذہب کا اہم کردار ہے،حال ہی میں پنجاب میں کئی سینٹری ورکرز کی جانیں چلی گئی ہیں، یہ ہماری اپروچ کا بھی اثر ہے کیونکہ ہم دوسرے کو اسکے پیشے سے پرکھتے ہیں، انتھونی نوید نے پریس کلب کی پوری قیادت کو سند ھ اسمبلی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جسے صدر این پی سی اظہر جتوئی نے قبول کرلیا اور بہت جلد سندھ اسمبلی کا دورہ کرنے وعدہ کیا، اس موقع پر ممتاز سماجی کارکن رومانہ بشیر کا کہنا تھا کہ نیشنل لابنگ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے، اس حوالے سے ہندؤ میرج لاء کی منظوری ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، اقلیتوں کیلئے دو فیصد ایجوکیشن کوٹہ سب سے پہلے پنجاب میں دیا گیا جبکہ ہماری کوششوں کے باعث اقلیتوں کیلئے پانچ فیصد جاب کوٹہ میں بھی کافی بہتری آئی ہے، اسلام آباد میں واقع یونیورسٹز میں دو فیصد اقلیتی کوٹے کو یقینی بنائیں گے، تقریب کے آخر میں صدر این پی سی اظہر جتوئی نےاین پی سی کے ایگزیکٹو اور گورننگ باڈی ممبران کی طرف پریس کلب کا دورہ کرنے پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔