نانبائی ایسوسی ایشن کا دوبارہ ہڑتال کا اعلان
موجودہ صورتحال میں حکومتی ریٹ پر روٹی بیچنا ممکن نہیں صدر نانبائی ایسوسی ایشن
راولپنڈی: نانبائی ایسوسی ایشن نے دو دن کے وقفے کے بعد دوبارہ ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے 11 نومبر سے پورے پنجاب میں ہڑتال کی کال دے دی۔
صدر نانبائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ مہنگے آٹے کی سستی روٹی بیچنا ناممکن ہے،ہڑتال موخر کی تھی انتظامیہ نے تندور کھولنے پر گرفتاریاں شروع کیں،
تندور مالکان کو ڈرا دھمکا کر تندور کھولنے پر مجبور کیا جارہا ہے، انتظامیہ روٹی کی قیمت ہمارے ساتھ بیٹھ کر مقرر کرے ورنہ ہڑتال جاری رہے گی،
صدر ایسوسی ایشن نے کہا کہ آٹے کی بوری ساڑھے پانچ ہزار سے 11 ہزار روپے مہنگی ہوگئی ہے،
سوئی گیس دستیاب نہیں مہنگی ایل پی جی گیس استعمال کرتے ہیں،
سرکاری نرخ پر 14 روپے کی روٹی بیچنا ممکن نہیں،
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نانبائیوں کی اکثریت نے ہڑتال کو مسترد کیا ہے،نانبائیوں کی ہڑتال بلاجواز اور بلیک میلنگ ہے،
سرکاری نرخوں پر روٹی کی قیمت یقینی بنائی جائے گی، نانبائیوں کیلئے آٹے کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ آٹا ڈیلرز کو فلور ملز سے حکومتی نرخوں پر آٹا فراہم کیا جارہا ہے،
راولپنڈی میں 157 خصوصی پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں آٹا دستیاب ہے،
ضلعی انتظامیہ نے تنبیہ کی کہ ڈرا دھمکا کر تندور بند کروانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی،