آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ،آسٹریلیا کی جیت،پاکستان ٹیم کو تیسری شکست۔
آسٹریلیا ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کے خلاف اپنا میچ 107رنز سے جیت لیا، اسٹریلین ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست، پاکستان کا آخری نمبر،
آسٹریلیا نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے نویں میچ میں پاکستان کو 107 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ جبکہ پاکستاب ٹیم کی جانب سے شکست کی ہٹ ٹرک مکمل کر لی گئی،
کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی بلے باز بیتھ مونی کی شاندار سنچری اور بولرز کی مشترکہ کارکردگی نمایاں رہی۔
222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 36.3 اوورز میں صرف 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی، قومی ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر صدرا امین نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، جن میں 5 چوکے شامل تھے، ان کے علاوہ رامین شمیم نے 15، کپتان فاطمہ ثنا اور نشرا سندھو نے 11، 11 رنز بنائے، باقی بلے باز آسٹریلوی بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے کم گارتھ نے 6 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ میگن شوٹ اور اینابل سدرلینڈ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایشلی گارڈنر، الانا کنگ اور جارجیا ویرہام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 221 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے ابتدائی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 75 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، تاہم بیتھ مونی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 114 گیندوں پر 109 رنز بنائے، جن میں 11 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو سب سے کامیاب بولر رہیں، جنہوں نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، رامین شمیم اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ سعدیہ اقبال اور ڈیانا بیگ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔